ایجیئن سمندر سے متعلق یونان کا منصوبہ، ترکیہ کا قانونی حیثیت متاثر نہ ہونے کا اعلان
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے کہا ہے کہ ایجیئن سمندر کے حوالے سے یونان کا نیا قابلِ تجدید توانائی کا فضائی و علاقائی منصوبہ دونوں ممالک کے باہمی متنازع معاملات پر ترکیہ کی قانونی پوزیشن کو متاثر نہیں کرے گا۔ترک وزارت خارجہ کے ترجمان اونجو کیچلی نے کہا کہ یونان کی جانب سے ماضی میں کیے گئے ایسے اقدامات کی طرح اس نئے منصوبے کے بھی ترکیہ پر کوئی قانونی اثرات مرتب نہیں ہوں گے، بالخصوص ان جغرافیائی علاقوں کے حوالے سے جن کی خودمختاری بین الاقوامی معاہدوں کے تحت یونان کو منتقل نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ متعدد مواقع پر واضح کرچکا ہے کہ اس نوعیت کے یکطرفہ اقدامات ایجیئن سمندر سے متعلق اس کے قانونی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے۔اونجو کیچلی نے زور دیا کہ ایجیئن اور بحیرہ روم جیسے محدود یا نیم محدود سمندری علاقوں میں یکطرفہ اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے، کیونکہ بین الاقوامی بحری قانون ایسے پانیوں میں ساحلی ممالک کے درمیان تعاون کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔