ترکیہ خبر

ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کونسل کا اہم اجلاس، ویزا معاہدے پر دستخط

ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کونسل کا اہم اجلاس، ویزا معاہدے پر دستخط

انقرہ( ترکیہ خبر)ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم رابطہ کونسل کا تیسرا اجلاس بدھ کے روز انقرہ میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان اور سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان آل سعود نے کی۔ترک وزیر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک کے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے دوران تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور ٹرانسپورٹ جیسے اہم شعبوں میں جاری کمیٹیوں کے کام کا جائزہ لیا گیا اور دوطرفہ تعلقات کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں علاقائی صورتحال، خصوصاً غزہ میں جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان اس موقع پر سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری انٹری کے باہمی معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ترک وزیر خارجہ نے سعودی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اجلاس میں طے پانے والے فیصلے دونوں ممالک کے لیے مثبت نتائج لائیں گے۔