ترکیہ کا یونان میں ترک اقلیت کے اسکول بند کرنے پر احتجاج
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے یونان کے مغربی تھریس علاقے میں ترک اقلیت سے تعلق رکھنے والے 8 پرائمری اسکول بند کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام لوزان امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ترک وزارت خارجہ کے ترجمان اونجو کیچلی نے بیان میں کہا کہ یونان نے "طلبہ کی ناکافی تعداد" کا جواز پیش کرتے ہوئے اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد مغربی تھریس میں ترک اقلیت کے پرائمری اسکولوں کی تعداد کم ہو کر 76 رہ گئی ہے۔اونجو کیچلی نے زانتی کے پہلے ترک اقلیتی پرائمری اسکول میں پہلی جماعت میں داخلوں کے حوالے سے پیدا کی جانے والی نئی رکاوٹوں پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات مغربی تھریس کی ترک اقلیت کے تعلیمی حقوق کو محدود کرنے کی منظم کوششوں کی ایک اور مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے جابرانہ فیصلے اور اقدامات لوزان معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ترک وزارت خارجہ کے ترجمان نے یونان پر زور دیا کہ وہ اقلیتوں کے حقوق اور بنیادی انسانی حقوق سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں پر عمل کرے۔