ترکیہ نے نیٹو وزرائے دفاع کے لیے نئے فوجی ہیڈکوارٹر کے دروازے پہلی بار کھول دیے
انقرہ( ترکیہ خبر) ترکیہ نے زیرِ تعمیر ’’آی یلدز‘‘ مشترکہ فوجی ہیڈکوارٹر پہلی مرتبہ نیٹو کے وزرائے دفاع کے لیے کھول دیا۔ یہ استقبالیہ تقریب وزیر دفاع یاشار گولر کی میزبانی میں نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر منعقد ہوئی۔ترک وزارت دفاع کے مطابق استقبالیہ نئے ہیڈکوارٹر کمپلیکس کے ’’اسٹار‘‘ حصے میں منعقد ہوا، جہاں وزیر دفاع یاشار گولر نے فوجی بینڈ کی دھنوں کے ساتھ نیٹو کے وزرائے دفاع کا استقبال کیا، جس کے بعد گروپ فوٹو بھی بنوائی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یاشار گولر نے کہا کہ ’’آی یلدز‘‘ کمپلیکس، جس کا نام ترک پرچم کے ہلال اور ستارے سے منسوب ہے، مستقبل میں جنرل اسٹاف اور مسلح افواج کی تمام کمانڈز کو ایک ہی چھت تلے جمع کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ یہ مشترکہ فوجی ہیڈکوارٹر جلد فعال ہو جائے گا اور دنیا کے سب سے بڑے فوجی کمانڈ مراکز میں شمار ہوگا۔وزیر دفاع کے مطابق جنرل اسٹاف اور تمام فورس کمانڈز کو ایک مقام پر لانے کا مقصد مشترکہ آپریشنل صلاحیت کو زیادہ مؤثر بنانا، انتظامی عمل کو تیز کرنا اور فیصلہ سازی میں رفتار اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔