ترکیہ اور شمالی قبرص کے رہنماؤں کا قبرص مسئلے پر تبادلہ خیال
استنبول( ترکیہ خبر)ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے دارالحکومت انقرہ میں ترک جمہوریہ شمالی قبرص (ٹی آر این سی) کے وزیراعظم اونال اوستل سے ملاقات کی۔ترکیہ کی وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت ہوئی، تاہم فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔اس سے قبل جمعرات کو ترک جمہوریہ شمالی قبرص نے کہا تھا کہ یونان نواز قبرصی انتظامیہ کی درخواست پر یورپی یونین کی جانب سے قبرص کے لیے مقرر کیے گئے نمائندے کو کوئی قانونی حیثیت حاصل نہیں۔وزارت خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ یورپی یونین نے 2004 میں یونانی قبرصی انتظامیہ کو رکنیت دے کر اور ترک قبرصی عوام کی خواہشات کو نظر انداز کر کے قبرص کے معاملے میں اپنی غیر جانبداری کھو دی۔گزشتہ ہفتے وزیراعظم اونال اوستل نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے قبرص سے متعلق خصوصی نمائندے سے ملاقات کے دوران حاکان فیدان کے مؤقف کو سراہا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ مؤقف جزیرے کے مستقبل کے حوالے سے ترکیہ اور ترک قبرصی عوام کے مشترکہ نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔اونال اوستل نے کہا کہ حاکان فیدان کا یہ بیان اہم ہے کہ ترک قبرصی عوام کے بنیادی حقوق، خاص طور پر خودمختار مساوات اور مساوی بین الاقوامی حیثیت کو تسلیم کیے بغیر کوئی بھی حل کا طریقہ کار کامیاب نہیں ہو سکتا۔انہوں نے یاد دلایا کہ 1960 کی جمہوریہ قبرص کے قیام میں ترک قبرصی عوام برابر کے شراکت دار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تاریخی اور قانونی حقیقت کو نظر انداز کرتے ہوئے ترک قبرصی عوام کو اقلیت کی حیثیت دینے کی کوئی بھی کوشش قابل قبول نہیں ہوگی۔