ترکیہ خبر

ترکی و جرمنی اسٹریٹجک ڈائیلاگ اجلاس، تعلقات کے فروغ پرخیال

ترکی و جرمنی اسٹریٹجک ڈائیلاگ اجلاس، تعلقات کے فروغ پرخیال

انقرہ( ترکیہ خبر)ترکی کے وزیر خارجہ حقان فدان پیر کے روز جرمنی کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ ترکیہ-جرمنی اسٹریٹجک ڈائیلاگ میکانزم کے تیسرے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ بات ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع نے اتوار کے روز بتائی۔ذرائع کے مطابق یہ اجلاس برلن میں منعقد ہوگا جس کی مشترکہ صدارت حقان فدان اور جرمن وزیر خارجہ جوہان ویڈے فول کریں گے۔ اجلاس کے دوران دوطرفہ تعلقات، ترکیہ-یورپی یونین تعلقات، سلامتی و دفاع اور علاقائی امور پر قائم ورکنگ گروپس اپنی رپورٹس وزراء کے سامنے پیش کریں گے۔مذاکرات میں حقان فدان کے بارے میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں پیدا ہونے والے مثبت ماحول اور اعلیٰ سطحی رابطوں میں حالیہ اضافے کو سراہیں گے۔وہ اس بات پر زور دیں گے کہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میکانزم دوطرفہ تعلقات کے اسٹریٹجک پہلوؤں کے جائزے اور دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان تعاون اور رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ترک وزیر خارجہ یہ بھی واضح کریں گے کہ جرمنی میں مقیم ترک برادری دونوں ممالک کے تعلقات کے انسانی پہلو کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اور ترک تارکینِ وطن کی فلاح و بہبود، سلامتی اور خوشحالی کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔وہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی و معاشی شراکت داری کو مزید فروغ دینے اور باہمی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کریں گے۔حقان فدان اس بات پر زور دیں گے کہ رابطوں، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن اور گرین انرجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا مشترکہ عزم موجود ہے، جبکہ آئندہ انرجی فورم اور جے ای ٹی سی او اجلاس 60 ارب ڈالر کی تجارتی ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے۔وہ اس بات کی بھی نشاندہی کریں گے کہ ترکی یورپ، مشرقِ وسطیٰ، جنوبی قفقاز اور وسطی ایشیا کو ملانے والے رابطہ منصوبوں میں اسٹریٹجک حیثیت رکھتا ہے، جبکہ جرمنی کے ساتھ دفاعی صنعت اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔