ترکیہ خبر

ترکی خوراک تحفظ پر مکمل تیار ہے، علاقائی جنگوں اور بحرانوں کے اثرات سے بچاؤ ممکن ہے: اردوان

ترکی خوراک تحفظ پر مکمل تیار ہے، علاقائی جنگوں اور بحرانوں کے اثرات سے بچاؤ ممکن ہے: اردوان

انقرہ( ترکیہ خبر)رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی نے علاقائی تنازعات، موسمی خطرات اور عالمی بحرانوں کے اثرات سے اپنی غذائی سلامتی اور زرعی پیداوار کو محفوظ رکھنے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔انقرہ میں ورلڈ فارمرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے متوازن خارجہ پالیسی کے ذریعے ملک کو استحکام فراہم کرتے ہوئے 86 ملین آبادی کے لیے خوراک کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی نے ایران اور خلیجی ممالک میں جاری تنازعات کے آغاز سے ہی زرعی پیداوار کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں تاکہ ان بحرانوں کے اثرات ملکی زراعت پر نہ پڑیں۔صدر اردوان کے مطابق کھاد اور اس کے خام مال کی فراہمی پہلے ہی محفوظ بنا لی گئی ہے اور ملک میں کھاد کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی، وبائیں اور جنگیں دنیا بھر میں خوراک کی سلامتی کی اہمیت کو مزید بڑھا رہی ہیں اور اب “فوڈ نیشنلزم” کا تصور بھی عالمی سطح پر نمایاں ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے ان تمام خطرات کے پیش نظر پیشگی منصوبہ بندی کی ہے اور اس وقت ملک کو کسی قسم کے غذائی بحران کا سامنا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں میں بارشوں کی صورتحال بہتر رہی ہے، آبی ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور آبپاشی سے متعلق کوئی بڑا مسئلہ درپیش نہیں۔تقریب کے اختتام پر صدر اردوان نے فلسطینی عوام خصوصاً غزہ اور مغربی کنارے کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زمینیں تباہی اور تشدد کا شکار ہیں، اور امید ظاہر کی کہ ایک دن یہ علاقے دوبارہ سرسبز ہوں گے اور وہاں خوشحالی لوٹے گی۔