ترکیے میں ’’دہشت گردی سے پاک ترکی‘‘ قانون نافذ

ترکیے میں ’’دہشت گردی سے پاک ترکی‘‘ قانون نافذ

انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیے میں ’’دہشت گردی سے پاک ترکی‘‘ کے عمل کے لیے قانونی فریم ورک فراہم کرنے والا قانون سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے بعد باضابطہ طور پر نافذ ہوگیا۔قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے قانون کے تحت پی کے کے، کے سی کے اور ان سے وابستہ گروہوں سے متعلق بعض مقدمات، تحقیقات اور سزاؤں پر عملدرآمد اس صورت میں معطل کیا جاسکے گا جب سکیورٹی ادارے اس بات کی تصدیق کریں کہ تنظیم نے اپنی سرگرمیاں ختم کرکے اسلحہ اور گولہ بارود حوالے کردیا ہے اور قومی سلامتی کونسل بھی اس کی توثیق کردے۔قانون کے مطابق ایسے جرائم میں مقدمات کی کارروائی پانچ سال تک معطل کی جاسکے گی جن کی سزا 15 سال تک قید ہے، جبکہ سنگین جرائم کے لیے یہ مدت 10 سال مقرر کی گئی ہے۔ تاہم دہشت گردی کے دوران جان بوجھ کر قتل جیسے بعض سنگین جرائم کو قانون سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔قانون میں پی کے کے، کے سی کے کی تشکیل یا قیادت، تنظیم کی رکنیت، جان بوجھ کر معاونت، پروپیگنڈا، تنظیمی سرگرمیوں کے دوران کیے گئے جرائم اور دہشت گردی کی مالی معاونت جیسے جرائم شامل ہیں۔قانون کے تحت اگر معطلی کی مدت کے دوران کوئی شخص دوبارہ دہشت گردی سے متعلق جرم کا ارتکاب کرتا ہے تو معطلی ختم کرکے متعلقہ قانونی کارروائی یا سزا پر عملدرآمد بحال کردیا جائے گا۔ بصورت دیگر مقررہ مدت مکمل ہونے پر مقدمہ ختم یا سزا پوری شدہ تصور کی جاسکتی ہے۔قانون میں تنظیموں کے ارکان کی جانب سے جمع کرائے یا ظاہر کیے گئے اسلحے، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد، گاڑیوں اور دیگر سامان کی رجسٹریشن کے لیے بھی طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.