ترکیہ خبر

ترکیہ عالمی انسانی اقدار کے تحفظ اور علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے: صدر اردوان

ترکیہ عالمی انسانی اقدار کے تحفظ اور علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے: صدر اردوان

استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ اور لبنان میں شہریوں کے خلاف ہونے والے مظالم اور “قتل عام کے نیٹ ورکس” کے مقابلے میں انسانی اقدار کے تحفظ کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ازمیر میں منعقدہ فوجی مشق “ایف ای ایس 2026” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک ایسے دور سے گزر رہی ہے جہاں سلامتی کے عالمی اصول تبدیل ہو رہے ہیں اور بین الاقوامی قوانین اپنی مؤثر حیثیت کھو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی نظام تیزی سے ایک قطبی نظام سے نکل کر کثیر القطبی اور متعدد طاقتوں پر مشتمل ڈھانچے کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں نئے اتحاد اور نئے توازن تشکیل پا رہے ہیں۔صدر اردوان کے مطابق ترکیہ اس تبدیلی کے دور میں ایک اہم اور مؤثر کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے مرکزی حیثیت حاصل ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ اپنی فوج کو جدید اور مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اس مشکل جغرافیے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔صدر اردوان نے زور دیا کہ ترکیہ ان قوتوں کے مقابل کھڑا رہے گا جو جنگ اور بدامنی کو فروغ دے رہی ہیں، اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔