انقرہ( ترکیہ خبر) اتاترک، نوجوانان اور کھیل قومی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ یہ دن ترکیہ کی جنگِ آزادی کے آغاز کی یاد میں ہر سال 19 مئی کو منایا جاتا ہے۔19 مئی 1919 کو جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک استنبول سے بحیرہ اسود کے شہر سامسون پہنچے تھے، جہاں سے انہوں نے جنگِ آزادی کی تحریک کا آغاز کیا۔ یہی تحریک بعد ازاں جدید ترکیہ کے قیام کا سبب بنی۔اتاترک نے اس دن کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے 1938 میں اسے ترکیہ کے نوجوانوں کے نام کر دیا، جس کے بعد یہ دن یومِ نوجوانان اور کھیل کے طور پر قومی تعطیل بن گیا۔اس موقع پر ملک بھر میں سرکاری تقریبات، کھیلوں کے مقابلے اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ نوجوانوں نے انقرہ میں واقع انیت کبیر، یعنی اتاترک کے مزار پر حاضری دی۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے پیغام میں ترکیہ اور بیرون ملک مقیم نوجوانوں کو مبارکباد دی اور مصطفیٰ کمال اتاترک، ان کے رفقا اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔دوسری جانب ترک وزیرِ نوجوانان و کھیل عثمان عاشق باک نے اپنے وفد کے ہمراہ انیت کبیر کا دورہ کیا، جہاں قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔