ترکیہ اور یوکرین اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط کریں گے:حاکان فیدان
انقرہ( ویب ڈیسک) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور یوکرین اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔حاکان فیدان نے یوکرین کے دورے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ان کا دورہ انتہائی نتیجہ خیز رہا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات روز بروز مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔انہوں نے یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا اور دیگر حکام کا میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ترکیہ کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی، صدارتی دفتر کے سربراہ کیریلو بودانوف اور وزیر خارجہ آندری سیبیہا سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور روس یوکرین جنگ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حاکان فیدان نے کہا کہ جاری تنازع کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا دائرہ مسلسل وسیع ہونا خوش آئند ہے اور ترکیہ یوکرین کے ساتھ شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔