ترک اور صومالی فورسز کی کارروائی، جہاز قزاقوں سے آزاد، 14 ہلاک
موغادیشو(تر کیہ خبر) ترک بحریہ اور صومالی مسلح افواج نے مشترکہ کارروائی کے ذریعے صومالی سمندری حدود میں قزاقوں کے قبضے سے ایک مغوی بحری جہاز چھڑا لیا، آپریشن کے دوران 14 قزاق مارے گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالی حکومت نے بتایا کہ ترک اور صومالی فورسز نے 10 روز تک جاری رہنے والی کارروائی کے بعد ایم وی لطوف نامی جہاز کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا۔صومالی وزارتِ دفاع کے مطابق کارروائی میں قزاقوں کی استعمال کردہ چار کشتیاں بھی تباہ کردی گئیں، جبکہ مسلسل فوجی دباؤ کے باعث دیگر قزاق جہاز چھوڑ کر فرار ہوگئے۔حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کو محفوظ بنانے کے بعد اسے دوبارہ سفر کی اجازت دے دی گئی اور اس نے اپنی منزل کی جانب بحفاظت سفر شروع کردیا۔پنٹ لینڈ کے ذرائع کے مطابق جہاز پر عملے کے کم از کم آٹھ افراد موجود تھے، جن میں ایک ترک شہری بھی شامل تھا۔سمندری آمدورفت کے اعداد و شمار کے مطابق کیمرون کے پرچم کے تحت چلنے والا بحری جہاز جولائی کے آخر میں ترکیہ سے تنزانیہ کی بندرگاہ دارالسلام کے لیے روانہ ہوا تھا۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ جہاز میں ترکیہ میں تیار کردہ ہتھیار موجود تھے، تاہم صومالی حکومت یا پنٹ لینڈ انتظامیہ نے اس کی تصدیق نہیں کی۔خبر رساں ادارے کے مطابق ترک اور صومالی فورسز کی یہ مشترکہ کارروائی دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت کی گئی۔