ترک قبرصی عوام قبرص کے برابر کے مالک ہیں، اقلیت نہیں: طفان ارحرمان
لفکوشا، شمالی قبرص( تر کیہ خبر) ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے صدر طفان ارحرمان نے کہا ہے کہ ترک قبرصی عوام قبرص کا لازمی اور برابر کا حصہ ہیں، وہ کبھی اقلیت نہیں تھے اور نہ ہی مستقبل میں ہوں گے۔قبرص امن آپریشن اور 20 جولائی امن و آزادی دن کی 52ویں سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت لفکوشا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طفان ارحرمان نے کہا کہ ترک قبرصی عوام جزیرے کا اہم حصہ اور برابر کے مالک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترک قبرصی باشندے مسئلے کے حل کے لیے پرعزم ہیں، تاہم وہ صرف مذاکرات کی خاطر مذاکرات جاری رکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔شمالی قبرص کے صدر نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سربراہی میں جاری مذاکراتی عمل ترکیہ کے ساتھ مشاورت اور مکمل رابطے کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جہاں مسئلے کا حل ان کی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکا، وہ اپنے عوام اور آنے والی نسلوں کو اس ناکامی کی قیمت ادا کرنے پر مجبور کرنے کو مسترد کرتے ہیں۔طفان ارحرمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترک قبرصی عوام جزیرے میں اپنے حقوق، برابری اور سلامتی سے دستبردار نہیں ہوں گے، جبکہ وہ مستقل امن اور استحکام کے لیے کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔