ترکیہ خبر

ترک بری فوج کے سربراہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات

ترک بری فوج کے سربراہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات

راولپنڈی ( ترکیہ خبر) جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترکیہ کی بری فوج کے سربراہ جنرل میتن توکیل نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ترک فوجی سربراہ کی آمد پر انہیں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی روابط، پیشہ ورانہ تعاون اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں برادر ممالک کے تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی اشتراک کو سراہا۔شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق جنرل میتن توکیل نے اپنے دورے کے دوران بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملاقات کی، جس میں پیشہ ورانہ امور اور علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال زیرِ بحث آئی۔ترک بری فوج کے سربراہ نے فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز میں فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی، جہاں باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ معاملات پر گفتگو کی گئی۔