ترک اور کویتی وزرائے خارجہ کا رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان اور کویت کے ہم منصب جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ترک سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی بات چیت کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔کویت نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا تھا کہ اس کی فوج نے بوبیان جزیرے پر حملوں کے دوران ایرانی ڈرونز کو تباہ کیا۔ کویتی وزارت دفاع کے ترجمان سعود العطوان کے مطابق ہفتے کی صبح سے کویتی فضائی حدود میں مشتبہ ڈرونز کی نشاندہی کی گئی، جنہیں مسلح افواج نے کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔انہوں نے بتایا کہ ڈرون حملوں میں شمالی کویت میں ایک سرکاری تنصیب اور جزیرے پر ایک نجی کمپنی کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے مالی نقصان ہوا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔خطے میں کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب فروری میں امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف مشترکہ کارروائی شروع کی، جس کے جواب میں ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔