ترک نژاد امریکی تنظیموں کا ترکیہ کیلئے ایف 35 طیاروں کا مطالبہ
انقرہ( تر کیہ خبر)سات ترک نژاد امریکی تنظیموں نے امریکی کانگریس کے ارکان کو خط لکھ کر ترکیہ کو ایف 35 جنگی طیاروں کی فروخت کی حمایت اور ترکیہ پر عائد ’’امریکی مخالفین کے خلاف پابندیوں کے ذریعے مقابلہ‘‘ قانون کے تحت پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 75 برس سے نیٹو کے اتحادی اور امریکا کے اہم سکیورٹی و سفارتی شراکت دار کی حیثیت سے ترکیہ کا امریکی دفاعی نظام تک مسلسل رسائی میں رہنا امریکا کے بنیادی تزویراتی مفادات کے عین مطابق ہے۔ اس لیے کانگریس ارکان سے ایف 35 طیاروں کی زیرِ التوا فروخت کی حمایت اور تعاون کی راہ میں حائل غیر ضروری پابندیاں و رکاوٹیں دور کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔تنظیموں نے مؤقف اختیار کیا کہ ترکیہ کو ایف 35 کی فروخت نیٹو کے اتحاد، علاقائی استحکام اور دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے باہمی تعلقات میں سرمایہ کاری کے مترادف ہوگی۔خط پر ترک نژاد امریکی انجمنوں کی اسمبلی، ترک نژاد امریکی اتحاد، ترک نژاد امریکی انجمنوں کی فیڈریشن، ترک نژاد امریکی قومی رابطہ کمیٹی، موسیاد امریکا، ترک نژاد امریکی جنوبی ریاستوں کی چیمبر آف کامرس اور آسکون امریکا نے دستخط کیے۔تنظیموں نے نشاندہی کی کہ امریکا اور ترکیہ کے تعلقات 1831ء سے قائم ہیں، جبکہ 1952ء میں نیٹو میں شمولیت کے بعد ترکیہ باضابطہ اتحادی بن گیا۔ ان کے مطابق ترکیہ نیٹو کی جنوب مشرقی سرحد کے دفاع میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ آبنائے باسفورس اور داردانیلز پر بھی کنٹرول رکھتا ہے۔خط میں انجرلیک سمیت ترکیہ کے فوجی اڈوں کو داعش کے خلاف کارروائیوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا، جبکہ یہ بھی یاد دلایا گیا کہ کوریائی جنگ کے دوران ترک فوجیوں نے امریکی فوجیوں کے شانہ بشانہ جنگ لڑی اور جانیں قربان کیں۔