’’دہشتگردی سے پاک ترکیہ‘‘ قانون پر جلد عملدآمد شروع ہو جائےگا:جودت یلماز

’’دہشتگردی سے پاک ترکیہ‘‘ قانون پر جلد عملدآمد شروع ہو جائےگا:جودت یلماز


استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق قانون پر عملدرآمد کی نگرانی اور جائزے کے لیے قائم بورڈ کا پہلا اجلاس 24 اگست کو ہوگا۔ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر جاری بیان میں جودت یلماز نے بتایا کہ مذکورہ بورڈ کی سربراہی وہ خود کریں گے اور اس کا قیام قانون کی سرکاری گزٹ میں اشاعت کے بعد عمل میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ میں نمائندگی رکھنے والے وزرا اور متعلقہ اداروں نے بھی اپنے اپنے دائرہ کار میں کام شروع کردیا ہے۔نائب صدر کے مطابق 24 اگست کو ہونے والے پہلے اجلاس میں بورڈ کے طریقہ کار اور کام کے اصولوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ اسلحہ چھوڑنے اور تنظیموں کے خاتمے کے عمل کی ضروریات کے مطابق ذیلی کمیٹیوں کے قیام پر بھی غور ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس میں ایسے معاملات بھی زیر غور آئیں گے جن پر بورڈ کے ارکان نے ریاستی اداروں کے درمیان رابطہ اور باہمی تعاون کی ضرورت ظاہر کی ہے۔جودت یلماز نے کہا کہ بورڈ قومی اتحاد، بھائی چارے اور امن کے لیے مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ کام کرے گا اور قانون نمبر 7595 کے تحت عائد تمام ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ترکیہ کے ’’دہشتگردی سے پاک ترکیہ‘‘ عمل کے لیے قانونی بنیاد فراہم کرنے والا یہ قانون پیر کو سرکاری گزٹ میں شائع ہوا، جس کے بعد رواں ماہ پارلیمنٹ سے منظور کیے گئے اقدامات باضابطہ طور پر نافذ ہوگئے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.