آذربائیجان کا روسی سفیر طلب، سخت احتجاج

آذربائیجان کا روسی سفیر طلب، سخت احتجاج

باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے روسی سفیر میخائل یودوکیموف کو طلب کرکے روسی میڈیا اور اطلاعاتی حلقوں میں آذربائیجان، اس کے عوام اور ملکی قیادت کے خلاف حالیہ اشتعال انگیز، توہین آمیز اور دھمکی آمیز بیانات پر شدید تشویش اور سخت احتجاج کیا۔ملاقات کے دوران 13 اگست 2026 کو ’’چیستوتا پونیمانیا‘‘ منصوبے کے تحت نشر کیے گئے پروگرام میں آذربائیجان اور اس کی قیادت کے خلاف دیے گئے بیانات پر خصوصی توجہ دلائی گئی۔روسی حکام کو 7 اگست کو اسپوتنک ریڈیو سے نشر ہونے والے پروگرام، آذربائیجانی قیادت کو ’’روس کی دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی فہرست‘‘ میں شامل کیے جانے سے متعلق بے بنیاد دعووں اور 16 اگست کو اسپاس ٹی وی پر آذربائیجانی قیادت کے خلاف دوبارہ کیے گئے اشتعال انگیز بیانات سے بھی آگاہ کیا گیا۔آذربائیجان نے واضح کیا کہ اس کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت کے امکانات پر بات کرنا اور آذربائیجانی عوام یا ملکی قیادت کے خلاف جسمانی تشدد کی اپیل ناقابل قبول ہے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ آذربائیجان پہلے بھی متعدد بار ایسی سرگرمیوں کی روک تھام کا مطالبہ کرچکا ہے اور یہ معاملہ مختلف سیاسی سطحوں پر زیر بحث آتا رہا ہے، تاہم اسی نوعیت کے بیانات کا مزید سخت انداز میں جاری رہنا باعث تشویش ہے۔ملاقات میں آذربائیجان نے ایک بار پھر روس سے مطالبہ کیا کہ اطلاعاتی اور میڈیا کے شعبے میں آذربائیجان کے خلاف اشتعال انگیزی، دھمکیوں اور تشدد پر مبنی بیانات کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.