ترکیہ خبر

ترکش ایئرلائنز نے بہترین ان فلائٹ فوڈ سروس کا یورپی ایوارڈ پانچویں بار جیت لیا

ترکش ایئرلائنز نے بہترین ان فلائٹ فوڈ سروس کا یورپی ایوارڈ پانچویں بار جیت لیا

استنبول ( ترکیہ خبر) ترکش ایئرلائنز نے ایک بار پھر یورپی ایئرلائن انڈسٹری میں اپنی شاندار کیٹرنگ سروس کے باعث نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ایئرلائن کو ایئرلائن مسافر تجربہ ایسوسی ایشن کی جانب سے "بہترین فوڈ اینڈ بیوریجز ایگزیکیوشن" کا ایوارڈ دیا گیا، جو اس نے پانچویں مرتبہ حاصل کیا ہے۔ یہ تقریب آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں منعقد ہوئی۔رپورٹ کے مطابق اس سال کے ایوارڈز کا فیصلہ مسافروں کی خفیہ اور تصدیق شدہ آراء کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں ٹریپ اٹ نامی سفری منصوبہ بندی ایپ کے تعاون سے ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔دنیا بھر میں ایک ملین سے زائد پروازوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں 600 سے زیادہ ایئرلائنز شامل تھیں۔ مسافروں نے اپنے تجربے کی بنیاد پر پانچ شعبوں میں درجہ بندی کی، جن میں نشستوں کا آرام، کیبن سروس، کھانا اور مشروبات، ان فلائٹ تفریح اور وائی فائی سہولت شامل تھے۔ترکش ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو نے اس کامیابی کو ٹیم کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مسافروں کا اعتماد اور عملے کی کوششوں کو سراہا۔ایئرلائن گروپ کے چیف ایگزیکٹو نے بھی ترکش ایئرلائنز کی ان فلائٹ کیٹرنگ کو ترکیہ کی ثقافت اور مہمان نوازی کا بہترین نمونہ قرار دیا۔ترکش ایئرلائنز کے مطابق اس کا کیٹرنگ نظام عالمی نیٹ ورک میں متنوع مینو اور مسلسل بہتر ہونے والے کھانوں کے تجربے پر مبنی ہے، جو 130 ممالک تک پھیلے ہوئے روٹس پر فراہم کیا جاتا ہے۔