واشنگٹن میں ترکیہ کے یوم فتح کی تقریب، قومی قربانیوں کو خراجِ عقیدت
انقرہ( تر کیہ خبر) امریکا میں ترکیہ کے سفیر سادات اونال نے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر 1922ء کی جنگِ دوملوپنار میں قابض یونانی فوج کے خلاف ترکیہ کی فیصلہ کن فتح کو خراجِ تحسین پیش کیا۔واشنگٹن میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سادات اونال نے کہا کہ 30 اگست کی فتح صرف ترکیہ ہی نہیں بلکہ عالمی تاریخ کے حوالے سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں ترک عوام کی بے مثال بہادری نے نہ صرف جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی راہ ہموار کی بلکہ یہ جذبہ ترک قوم کی شناخت کا مستقل حصہ بھی بن گیا۔ترک سفیر نے جنگ میں جانوں اور قربانیوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں اور شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جنگ کے سپہ سالار اور بعد ازاں جمہوریہ ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کی خدمات کو بھی سراہا۔سادات اونال نے کہا کہ ترکیہ اپنی دوسری صدی میں داخل ہو رہا ہے اور یومِ فتح کا جذبہ آج بھی ملک کیلئے مستقل تحریک اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔