انقرہ( ترکیہ خبر)ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ترکیہ کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کسی دوسرے ملک کے لیے باعثِ تشویش نہیں ہونے چاہئیں۔سنگاپور میں ایک بین الاقوامی ادارے کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات کو اپنے خلاف دشمنی یا منفی اقدام کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات صرف ترکیہ تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے کئی دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور مضبوط سفارتی روابط رکھتے ہیں۔ترک وزیر خارجہ کے مطابق اگر کسی ملک کی جانب سے اس بنیاد پر ناراضی ظاہر کی جائے کہ دوسرے ممالک پاکستان سے تعلقات رکھتے ہیں تو یہ طرزِ عمل قابلِ غور ہے۔رپورٹس کے مطابق ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے سیاسی، سفارتی اور دفاعی تعاون موجود ہے، جبکہ ترکیہ مسئلہ کشمیر پر بھی پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتا رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بیان اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ممالک اپنے قومی مفادات کے مطابق آزاد خارجہ پالیسی رکھتے ہیں اور دو طرفہ تعلقات کو تیسرے ملک کے زاویے سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
ترکیہ کے پاکستان سے تعلقات کسی تیسرے ملک کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں:ہاکان فیدان
واپس خبروں پر
Category:
ترکیہ