ترکیہ کا شامی جمہوری فورسز کے انضمام کا خیرمقدم
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کی وزارت دفاع نے شامی جمہوری فورسز کی تحلیل اور شام کے ریاستی اداروں میں انضمام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ترکیہ کی وزارت دفاع کے ترجمان زکی اکتورک نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ اقدام ’’ایک ریاست، ایک فوج‘‘ کے اصول کو مضبوط بنانے میں مددگار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ترک مسلح افواج موجودہ فوجی تعاون کے معاہدے کے تحت شام میں حاصل ہونے والی مثبت پیش رفت کو ملک بھر میں وسعت دینے، پائیدار استحکام یقینی بنانے اور شامی فوج کی صلاحیتیں بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مضبوط بنانے کیلئے تعاون جاری رکھیں گی۔مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ غزہ، لبنان اور شام میں اسرائیل کے حملے اور توسیع پسندانہ پالیسیاں خطے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، جنہیں فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔زکی اکتورک نے کہا کہ خطے کا مستقبل بین الاقوامی قانون، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی بنیاد پر تشکیل پانا چاہیے، یکطرفہ طاقت کے استعمال کے ذریعے نہیں۔ عالمی برادری کو علاقائی اور عالمی امن کیلئے خطرہ بننے والے اقدامات کے خلاف مؤثر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ترکیہ کی وزارت دفاع نے بتایا کہ وہ شام کو شامل کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کے طریقہ کار کے قیام کیلئے امریکی کوششوں کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم اس معاملے پر اسے اب تک کوئی باضابطہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔ درخواست موصول ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا۔