استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دو ہزار چھبیس میں نیٹو کا سربراہی اجلاس انقرہ میں سات اور آٹھ جولائی کو منعقد کرے گا۔ترکیہ کے ڈائریکٹر برائے ابلاغیات برہان الدین دوران کے مطابق یہ اجلاس عالمی سلامتی کے مستقبل کے تعین میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے عالمی سلامتی کے ڈھانچے پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ عالمی نظام میں ایک مؤثر کردار ادا کر رہا ہے جو ذمہ داری قبول کرنے، مسائل کے حل پیش کرنے اور اتحاد کے اصولوں کو عملی شکل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔برہان الدین دوران کے مطابق ترکیہ اپنی جغرافیائی اہمیت، نیٹو سے مضبوط وابستگی اور بحرانوں کے مؤثر انتظام کے باعث ٹرانس اٹلانٹک سلامتی کے مرکز میں واقع ہے۔انہوں نے کہا کہ نیٹو رہنماؤں کی میزبانی کے ذریعے ترکیہ ایک بار پھر امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرے گا۔