ترکیہ کا شام کی خودمختاری، قومی اتحاد برقرار رکھنے پر زور
انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے شامی جمہوری فورسز اور وائی پی جی کی جانب سے تنظیمیں ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ ایسا مستحکم شام چاہتا ہے جو اپنی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی یکجہتی برقرار رکھے۔جودت یلماز نے مشرقی صوبے آغری میں سونے کی کان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں شامی جمہوری فورسز اور وائی پی جی کی تحلیل کا اعلان اور دمشق میں ہونے والی اہم ملاقات انتہائی قابلِ اطمینان پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اپنے پڑوسی اور دوست ممالک میں بھی اتحاد، یکجہتی اور استحکام کا خواہاں ہے۔ شام کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی وحدت کا تحفظ ضروری ہے۔ترک نائب صدر نے کہا کہ انقرہ شام میں ایسا جامع نظامِ حکومت چاہتا ہے جس میں عرب، کرد، ترکمان، علوی اور سنی سمیت تمام شناختوں کو جگہ حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ ایسے متحد اور مستحکم شام کی حمایت کرتا ہے جہاں مختلف طبقات اپنی شناخت اور اختلافات کے ساتھ آزادانہ زندگی گزار سکیں، تاہم ملک ایک ریاست اور ایک فوج کے تحت متحد رہے۔