استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ نے عراق کے نامزد وزیراعظم علی الزیدی کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت سازی کا عمل جلد مکمل ہو جائے گا۔ترک وزارت خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علی الزیدی کو عراق کے آئینی عمل کے تحت حکومت تشکیل دینے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے، جو پارلیمنٹ میں اسپیکر اور صدر کے انتخاب کے بعد مکمل ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ ترکیہ علی الزیدی کو نئی حکومت کی تشکیل کی ذمہ داری ملنے پر نیک خواہشات پیش کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ یہ پیش رفت عراقی عوام کے لیے مثبت ثابت ہوگی۔انقرہ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ وہ عراق کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، جو تاریخی، سماجی، ثقافتی اور اقتصادی روابط پر مبنی ہیں۔واضح رہے کہ عراق کے صدر نزار عامدی نے 27 اپریل کو علی الزیدی کو حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپی تھی، جنہیں پارلیمنٹ میں سب سے بڑے اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔آئینی طور پر علی الزیدی کو 30 روز کے اندر کابینہ تشکیل دے کر پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔
ترکیہ کی عراق کے نامزد وزیراعظم علی الزیدی کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد
واپس خبروں پر
Category:
ترکیہ