ترکیہ خبر

ترکیہ اور نائیجر کے درمیان دفاع، سلامتی اور معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ترکیہ اور نائیجر کے درمیان دفاع، سلامتی اور معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ اور نائیجر کے درمیان دفاع، سلامتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ترک صدر رجب طیب ایردوان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ترکیہ افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مساوی شراکت داری، باہمی احترام اور باہمی فائدے کے اصولوں کی بنیاد پر آگے بڑھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ براعظم افریقہ میں عدم استحکام پیدا کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اپنے دوست اور برادر ممالک کے ساتھ کھڑا ہے، خاص طور پر ساحل کے خطے میں۔دونوں رہنماؤں نے صدارتی محل میں دو طرفہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات کیے، جس کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔بات چیت میں دفاع، سلامتی، توانائی، کان کنی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور زراعت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔صدر ایردوان نے کہا کہ نائیجر میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فوجی تربیت اور انٹیلیجنس کے شعبوں میں بھی قریبی تعاون پر بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ انسداد دہشت گردی کے تجربات نائیجر کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے اور ترک دفاعی کمپنیوں اور نائیجر کے وفد کے درمیان ملاقاتیں مثبت نتائج لائیں گی۔نائیجر کے صدر نے ترکیہ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاع، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ترکیہ کا کردار قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ایردوان کا 2013 کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز تھا۔