ترکیہ خبر

ترکیہ اور جرمنی کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

ترکیہ اور جرمنی کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

استنبول( ترکیہ خبر)جمہوریہ ترکیہ اور جرمنی نے اعلیٰ سطحی ملاقات میں اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ ترک وزیر تجارت عمر بولات نے جمعہ کے روز اس ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔یہ ملاقات ترکیہ،جرمنی مشترکہ اقتصادی و تجارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے موقع پر منعقد ہوئی، جس میں جرمنی کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و توانائی کاترینا رائخے نے بھی شرکت کی۔بات چیت کے دوران دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، توانائی کی منتقلی، سبز اور ڈیجیٹل تبدیلی، ٹرانسپورٹ، رابطہ کاری اور تیسرے ممالک میں مشترکہ منصوبوں پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔فریقین نے ترکیہ،یورپی یونین کسٹمز یونین کو اپ ڈیٹ کرنے، ویزا طریقہ کار کو آسان بنانے، یورپی صنعتی پالیسیوں اور یورپی ویلیو چینز میں ترکیہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔وزیر تجارت عمر بولات کے مطابق دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ ان کا مضبوط اقتصادی انضمام یورپ کی مسابقت اور عالمی سپلائی چینز کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ موجودہ دور کی ضروریات کے مطابق اپنی طویل مدتی شراکت داری کو مزید بلند سطح پر لے جایا جائے گا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جرمنی ترکیہ کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 52 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔جرمن وزارت برائے اقتصادی امور و توانائی کے مطابق اس دورے کا بنیادی فوکس ترکیہ–جرمنی اقتصادی اور توانائی شراکت داری، مشترکہ کمیشن (JETCO) اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی فورم رہا۔