ترکیہ اور کینیڈا کا تعلقات کو اسٹریٹجک سطح تک لے جانے پر اتفاق
انقرہ( ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور کینیڈا اپنے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک سطح تک لے جانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔اوٹاوا میں کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں نیٹو اتحادی تجارت، دفاع، توانائی اور عالمی سفارت کاری سمیت مختلف شعبوں میں موجود غیر استعمال شدہ تعاون کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ہاکان فیدان کے مطابق ترکیہ اور کینیڈا کے درمیان کئی اہم شعبوں میں برسوں سے مکمل تعاون نہیں ہو سکا، حالانکہ دونوں ممالک بڑے نیٹو اتحادی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ دو ہفتوں میں انقرہ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس میں کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی، وزیر خارجہ انیتا آنند اور وزیر دفاع ڈیوڈ میک گنٹی کی میزبانی کرے گا، جبکہ وزیراعظم کارنی کے جلد ترکیہ کے دورے کی بھی توقع ہے۔ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ سمٹ تاریخی اہمیت کی حامل ہوگی کیونکہ عالمی جغرافیائی حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں جہاں نیٹو ممالک کے فیصلے مزید فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔