استنبول ( ترکیہ خبر) ترک وزیر خارجہ حقان فدان نے کہا ہے کہ ان کے حالیہ دورہ بلغاریہ نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کی توثیق کی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور بلغاریہ کے درمیان قائم تاریخی، انسانی اور ثقافتی روابط نہ صرف موجودہ وقت بلکہ مستقبل کی مشترکہ سمت بھی متعین کرتے ہیں۔حقان فدان نے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے دورے کے دوران اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات واضح ہوئی ہے کہ دونوں ممالک توانائی، نقل و حمل، رابطوں اور دفاعی صنعت جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔انہوں نے بلغاریہ کی قیادت اور اپنے ہم منصبوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ترک وزیر خارجہ نے بلغاریہ میں مقیم ترک برادری سے ملاقات کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وہ طویل عرصے سے اس کمیونٹی سے قریبی تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے بلغاریہ میں کام کرنے والے ترک کاروباری افراد سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کے اقدامات دونوں ممالک کی خوشحالی اور امن میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔