ٹوکیو میں عالمی تبدیلی اور معاشی سلامتی پر اسٹریٹ کام اجلاس
انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے محکمہ اطلاعات اور ٹوکیو میں ترک سفارتخانے کے اشتراک سے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں اسٹریٹ کام گول میز اجلاس اور عوامی فورم کا انعقاد کیا گیا۔یہ دونوں اجلاس بین الاقوامی اسٹریٹجک مواصلاتی سربراہ اجلاس کے تحت منعقد ہوئے۔ گول میز اجلاس کا موضوع ’’ابھرتی ٹیکنالوجی کے دور میں بدلتا عالمی نظام‘‘ جبکہ عوامی فورم کا عنوان ’’جغرافیائی سیاسی مسابقت کے دور میں معاشی سلامتی کا انتظام‘‘ تھا۔اجلاس میں بالخصوص مصنوعی ذہانت سمیت نئی ٹیکنالوجیز کے عالمی نظام، تزویراتی ابلاغ اور معاشی سلامتی پر مختلف النوع اثرات کا جائزہ لیا گیا۔گول میز اجلاس میں نئی ٹیکنالوجیز کے عالمی حکمرانی، تزویراتی ابلاغ، ڈیجیٹل خودمختاری، معلوماتی سلامتی اور بین الاقوامی تعاون پر اثرات کا پالیسی کے تناظر میں جائزہ لیا گیا۔