تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) علاقائی سلامتی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ خارگ جزیرے سے متعلق کسی بھی ممکنہ پیش رفت کے خطے میں سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔گلف انٹرنیشنل فورم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر دانیہ ظفر کے مطابق اگر امریکہ کی جانب سے خارگ جزیرے پر قبضے یا اس سے متعلق کوئی سخت حکمتِ عملی اپنائی جاتی ہے تو اس کے نتیجے میں پورے خلیجی خطے کی سلامتی شدید خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔ان کے مطابق ایسی صورت حال میں ایران کی جانب سے ردعمل کے طور پر خلیجی ممالک یا خطے میں موجود امریکی اتحادیوں کو نشانہ بنانے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں، جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خارگ جزیرہ ایران کے لیے انتہائی اہم اسٹریٹجک اور توانائی کا مرکز ہے، جہاں سے ملک کی تیل برآمدات کا بڑا حصہ دنیا کو فراہم کیا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی صورتحال نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی توانائی منڈیوں پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔