باکو( ترکیہ خبر)آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے یکم جون کو امریکی محکمہ خارجہ کے اقتصادی، توانائی اور کاروباری امور کے معاون وزیر کیلَب اور کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صدر الہام علییف نے مہمان وفد کی “باکو انرجی ویک” کے تحت منعقدہ نمائشوں اور “باکو انرجی فورم” کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس ایونٹ کے لیے بھیجے گئے پیغام کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور شراکت داری کی اہم علامت قرار دیا اور امریکی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔صدر علییف نے کہا کہ حالیہ عرصے میں آذربائیجان اور امریکا کے تعلقات مثبت انداز میں ترقی کر رہے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مختلف شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کا قیام دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دے رہا ہے۔ملاقات میں آذربائیجان،امریکا اقتصادی مکالمے کے آغاز اور حالیہ معاہدوں کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ “باکو انرجی ویک” کو عالمی توانائی کے امور پر تبادلہ خیال اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کا اہم پلیٹ فارم قرار دیا گیا۔امریکی وفد کے سربراہ کیلَب اور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے نیک خواہشات صدر الہام علییف تک پہنچائیں۔ صدر علییف نے بھی اپنے تہنیتی پیغامات امریکی قیادت تک پہنچانے کی درخواست کی۔وفد نے “باکو انرجی ویک” کو عالمی توانائی منڈیوں اور تعاون کے امکانات پر گفتگو کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے صدر علییف کی قیادت کو سراہا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
صدرِ مملکت آذربائیجان اور امریکی وفد کے درمیان توانائی و اقتصادی تعاون پر گفتگو
واپس خبروں پر
Category:
آذر بائیجان