امریکا میں شدید طوفان، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم، ہزاروں پروازیں متاثر

امریکا میں شدید طوفان، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم، ہزاروں پروازیں متاثر

ہیوسٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں شدید طوفان نے یومِ تشکر کی تعطیلات کے دوران معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے۔ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث تقریباً 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے، جبکہ ہزاروں فضائی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 112 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا پہنچی، جس سے متعدد درخت اور بجلی کی تاریں گر گئیں۔ شدید بارش کے باعث ساحلی علاقے بھی زیر آب آگئے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں نے مزید درخت گرنے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔امریکا میں بجلی کی بندش سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ پاور آؤٹیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق رات 9 بج کر 56 منٹ تک 9 لاکھ 8 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے، جبکہ شام 7 بج کر 30 منٹ پر یہ تعداد 9 لاکھ 61 ہزار سے تجاوز کرچکی تھی۔بجلی کی بندش سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست پنسلوانیا رہی، جہاں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار، مسوری میں ایک لاکھ جبکہ نیویارک میں 68 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم رہے۔طوفان کے باعث فضائی سفر کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ پروازوں کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے فلائٹ اویئر کے مطابق امریکا سے متعلق 454 پروازیں منسوخ جبکہ 2,411 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ واشنگٹن اور نیویارک کے بڑے ہوائی اڈے اس صورت حال سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ورجینیا، میری لینڈ، ڈیلاویئر، نیو جرسی، نیویارک اور نیو انگلینڈ کے ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 50 سے 70 میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی یا اس حوالے سے پیش گوئی جاری کی گئی تھی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.