افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، طالبان کے خلاف عالمی دباؤ بڑھ گیا

افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، طالبان کے خلاف عالمی دباؤ بڑھ گیا

ٹورنٹو (مانیٹرنگ ڈیسک) ایمنسٹی انٹرنیشنل اور متعدد یورپی ممالک نے افغانستان میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے افغان طالبان کو عالمی سطح پر جواب دہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا نے افغانستان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے پانچ سال بعد بھی ملک میں انسانی حقوق کی پامالیاں بلا روک ٹوک جاری ہیں۔ سرعام سزائیں، خواتین پر سخت پابندیاں اور جبری گمشدگیاں ان خلاف ورزیوں کی نمایاں مثالیں ہیں۔برلن خارجہ پالیسی فورم میں جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان ویڈفُل نے واضح کیا کہ ان کا ملک طالبان کو افغانستان کی جائز سیاسی قیادت تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی ان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔ ان کے مطابق جرمنی کے طالبان سے روابط ہمسایہ ممالک کے ذریعے صرف قونصلر معاملات تک محدود ہیں۔فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے بھی خواتین کے خلاف طالبان کے اقدامات کو صنفی امتیاز قرار دیتے ہوئے حکومت کو تسلیم نہ کرنے کے مؤقف کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ فرانس کے تکنیکی نوعیت کے روابط کو ان کی حکومت کی باضابطہ منظوری تصور نہیں کیا جاسکتا۔اس سے قبل اسپین کے وزیر خارجہ بھی واضح کرچکے ہیں کہ خواتین کے بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے والی طالبان حکومت کو اسپین نہ تسلیم کرتا ہے اور نہ ہی مستقبل میں اسے تسلیم کرے گا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.