واشنگٹن( ترکیہ خبر) آرمینیائی ڈائسپورا کی ریلی کے ردعمل میں ترکیہ اور آذربائیجان سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی نمائندوں نے واشنگٹن میں ترکیہ کے سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں امریکا کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے افراد نے شرکت کی اور ترکیہ، آذربائیجان سمیت ترک زبان بولنے والے ممالک کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔شرکاء نے انگریزی زبان میں مختلف نعرے بلند کیے جن میں مفاہمت، امن، تاریخ کے غیر جانبدارانہ جائزے اور دہشت گردی کی مذمت سے متعلق پیغامات شامل تھے۔مظاہرین نے مؤقف اختیار کیا کہ تاریخی واقعات کی تشریح سیاستدانوں کے بجائے مورخین کو کرنی چاہیے اور خطے میں امن و مکالمے کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ریلی کے دوران شرکاء نے ترکیہ اور آذربائیجان کے سفارت خانوں کے سامنے سے گزرتے ہوئے مختلف نعرے لگائے اور امن کے حق میں آواز بلند کی۔