فلسطینیوں کا امن ہی عالمی امن کی ضمانت ہے، نعمان کورتولموش
انقرہ( ترکیہ خبر)ترکی کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان کورتولموش نے پیر کے روز کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی کارروائیوں کا خاتمہ نہ صرف فلسطینیوں کے لیے امن و سکون کا باعث بنے گا بلکہ عالمی امن کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔استنبول میں نیٹو پارلیمانی سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے بغیر دنیا میں پائیدار امن ممکن نہیں، اور فلسطینیوں کے لیے امن کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی جارحانہ کارروائیوں کا خاتمہ فلسطینی عوام کو امن اور اطمینان فراہم کرے گا اور یہی عالمی امن کی ضمانت بھی بنے گا۔نعمان کورتولموش نے مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ترکی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دو ریاستی حل کے سوا کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔انہوں نے نیٹو کے رکن ممالک اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں جاری امن کوششوں کی حمایت کریں۔ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں شروع ہونے والے مذاکرات ایک پائیدار اور منصفانہ امن کی امید پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے اظہارِ امید کیا کہ یہ مذاکرات صرف جنگ بندی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ایک حقیقی، دیرپا اور منصفانہ امن معاہدے کی راہ ہموار کریں گے۔