ترک ریاستوں کی تنظیم کا وزرائے خارجہ اجلاس 29 اکتوبر کو ہوگا
انقرہ (ترکیہ خبر) ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان جمعرات کو ترک ریاستوں کی تنظیم (OTS) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی کریں گے۔ یہ اجلاس تنظیم کے 13ویں سربراہی اجلاس کے سلسلے میں 29 اور 30 اکتوبر کو انقرہ میں منعقد ہوگا۔ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق رکن ممالک کے وزرائے خارجہ رواں سال پانچویں مرتبہ کونسل کے اجلاس میں شریک ہوں گے، جن میں ایک باقاعدہ اور 4 غیر رسمی اجلاس شامل ہیں۔اجلاس میں تنظیم کے اندر تعاون کے مختلف شعبوں اور اس کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر مشاورت متوقع ہے۔اجلاس کے اختتام پر تنظیم کے انتظامی امور اور مالیاتی معاملات سے متعلق متعدد دستاویزات کی منظوری بھی دی جائے گی۔حاکان فیدان اجلاس کے موقع پر اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔