آبنائے ہرمز کے لیے نیا نظام زیر غور، عالمی توانائی بحران گہرا ہونے لگا

23 گھنٹے قبل
آبنائے ہرمز کے لیے نیا نظام زیر غور، عالمی توانائی بحران گہرا ہونے لگا

باکو( ترکیہ خبر)مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی صورتحال اور ایران کے گرد بڑھتی کشیدگی کے باعث دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز کے انتظام کے لیے ایک نئے نظام کے قیام کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق ترکیہ، مصر اور سعودی عرب ایک مشترکہ نظام قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں، جس کے تحت اس اہم راستے سے گزرنے والی تیل کی ترسیل کی نگرانی کی جا سکے گی۔یہ گزرگاہ عالمی توانائی تجارت کے لیے نہایت اہم حیثیت رکھتی ہے، جہاں معمول کے حالات میں روزانہ کروڑوں بیرل تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل ہوتی ہے، تاہم حالیہ کشیدگی کے باعث اس میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق عالمی منڈی کو روزانہ بڑی مقدار میں تیل کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ خلیجی ممالک سے گیس کی ترسیل بھی شدید متاثر ہوئی ہے، جس سے توانائی بحران کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نے کئی ممالک کو فوری اقدامات پر مجبور کر دیا ہے، کیونکہ تیل کی فراہمی میں مسلسل کمی نہ صرف عالمی صارفین بلکہ برآمد کنندگان کے لیے بھی سنگین مسائل پیدا کر رہی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اگر حالات اسی طرح برقرار رہے تو عالمی معیشت پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کے باعث توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور سپلائی میں رکاوٹیں پیدا ہونے کا امکان ہے۔