ترک ڈرائیوروں کے لیے سعودی عرب نے نئی ویزا سہولت متعارف کرا دی
انقرہ / استنبول(تر کیہ خبر) ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ویزا سہولت سے متعلق مذاکرات کے بعد سعودی عرب نے ترک ڈرائیوروں کے لیے نئی ویزا کیٹیگری قائم کر دی ہے، جس کے ذریعے کئی برس بعد ترکیہ سے سعودی عرب تک زمینی راستے سے نقل و حمل کا آغاز ممکن ہو گیا ہے۔مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال کے بعد عراق اور شام کے راستے ٹرانزٹ روٹس دوبارہ فعال ہوئے، جس سے ترک کمپنیوں کو زمینی راستے کے ذریعے سعودی عرب تک سامان پہنچانے کے نئے مواقع ملے۔ اس حوالے سے ریاض کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطے کیے گئے تاکہ تجارتی نقل و حمل کو بہتر حالات میں ممکن بنایا جا سکے۔سڑک کے ذریعے سامان کی ترسیل سے وابستہ ڈرائیور اب ایسے ویزے کے لیے درخواست دے سکیں گے جو اس سے پہلے موجود نہیں تھا۔ ترکیہ کی وزارت ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے متعلقہ ادارے نے درخواست کے طریقہ کار، ضروری دستاویزات، فیس اور ویزے کی اقسام سے متعلق تفصیلات سول سوسائٹی تنظیموں کو ارسال کردہ خط میں فراہم کی ہیں۔وزارت کے لائسنس یافتہ ٹرانسپورٹ اداروں کے لیے استعمال ہونے والے "یو نیٹ" خودکار نظام کے مطابق ویزا حاصل کرنے والی کمپنیوں نے کام شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں سعودی عرب کے لیے سامان کی ترسیل میں اضافہ ہوا ہے۔ترک اور سعودی حکام کے درمیان ڈرائیوروں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے مذاکرات کے بعد ایک معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت ایک سال کے لیے متعدد بار داخلے والے زمینی ٹرانسپورٹ ویزے 300 سعودی ریال فیس پر جاری کیے جائیں گے، جبکہ ایک مرتبہ داخلے کے لیے ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ ویزا مفت فراہم کیا جائے گا۔