ترکیہ امریکا تعلقات میں نئی رفتار ضروری ہے، اردوان
انقرہ( تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ خطے اور دنیا کو درپیش تنازعات، جنگوں اور بحرانوں کے باعث ترکیہ اور امریکا کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رہنا ضروری ہے، جبکہ دونوں نیٹو اتحادیوں کے تعلقات میں نئی رفتار پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔نیویارک میں ’’100 سالہ دوستی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ قائم رابطے اور باہمی تعاون کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں مختلف معاملات پر دونوں ممالک کے لیے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ آئندہ بھی اس تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ اردوان کے مطابق دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کے مختلف شعبوں میں اہم پیش رفت کی ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کا مخلصانہ اور خصوصی رابطہ بھی برقرار ہے۔ انہوں نے جولائی میں ٹرمپ کے انقرہ کے دورے کا بھی ذکر کیا۔ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ جوہری توانائی، مائع قدرتی گیس، شہری ہوا بازی اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں امریکا کے ساتھ تعاون آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے دفاعی صنعت کو دونوں ممالک کے دوطرفہ اور نیٹو کے تحت تعاون کے اہم شعبوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔اردوان نے کہا کہ دونوں اتحادیوں کے درمیان موجود ایسی رکاوٹوں کو ختم کرنا چاہیے جو کبھی پیدا ہی نہیں ہونی چاہئیں تھیں اور تعلقات میں نئی رفتار پیدا کی جانی چاہیے۔