ترکیہ خبر

تامل ناڈو میں نئی حکومت، وزیراعلیٰ وجے کا حلف کے بعد بجلی فری اور اصلاحاتی اقدامات کا اعلان

تامل ناڈو میں نئی حکومت، وزیراعلیٰ وجے کا حلف کے بعد بجلی فری اور اصلاحاتی اقدامات کا اعلان

چنئی( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکار سے سیاستدان بننے والے سی جوزف وجے نے بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد عوامی فلاحی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وجے کی جماعت تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) ریاستی اسمبلی میں اکثریتی حیثیت اختیار کرنے کے بعد حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی، جس کے بعد انہوں نے حلف برداری کی تقریب کے فوراً بعد اہم فیصلوں کا اعلان کیا۔نئے وزیراعلیٰ نے گھریلو صارفین کے لیے 200 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی فورس کے قیام اور منشیات کے خلاف سخت اقدامات کے لیے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔چنئی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت سماجی انصاف اور حقیقی سیکولرازم کے نئے دور کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے انتخابی عمل میں تعاون کرنے والی سیاسی جماعتوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔وجے نے نوجوان ووٹرز، خصوصاً جین زی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی اشرافیہ یا سیاسی خاندان سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ ایک عام پس منظر سے آئے ہیں اور عوام کے مسائل کو قریب سے سمجھتے ہیں۔ان کے مطابق حکومت کا مقصد عوامی فلاح، انصاف اور ریاست میں بہتر طرز حکمرانی کو فروغ دینا ہے۔