ترکیہ خبر

ہمارےملک میں تقریباً 3 ہزار 800 ترک کمپنیاں فعال طور پر کام کر رہی ہیں :قازقستانی صدر

ہمارےملک میں تقریباً 3 ہزار 800 ترک کمپنیاں فعال طور پر کام کر رہی ہیں :قازقستانی صدر

آستانہ( ترکیہ خبر)قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں تقریباً 3 ہزار 800 ترک کمپنیاں فعال طور پر کام کر رہی ہیں اور ترک سرمایہ کاروں کو مزید بڑے منصوبوں میں کردار ادا کرنے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے یہ بات ترکیہ-قازقستان بزنس فورم کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں ترک صدر رجب طیب ایردوان نے بھی شرکت کی۔صدر توقایف نے کہا کہ یہ فورم انتہائی مفید اور جامع ثابت ہوا ہے اور اس کے انعقاد میں ترک فریق کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان ترک کمپنیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کیلئے نہایت اہم ہے اور دونوں ممالک کی مشترکہ کوششیں نئے کاروباری منصوبوں کی راہ ہموار کریں گی۔قازق صدر نے کہا کہ بین الحکومتی کمیشن کو دوطرفہ تعاون بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قازقستان وسطی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت ہے اور گزشتہ سال اس کی مجموعی ملکی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے سرمایہ کاروں کیلئے ویزا اور ٹیکس سہولیات کے پروگراموں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ملک میں اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاری کے تحفظ کو مضبوط بنایا گیا ہے۔