ترکیہ خبر

موریطانیہ کے وزیر خارجہ آج ترکیہ پہنچیں گے، اہم مذاکرات متوقع

موریطانیہ کے وزیر خارجہ آج ترکیہ پہنچیں گے، اہم مذاکرات متوقع

انقرہ( ترکیہ خبر)محمد سالم ولد مرزوق آ ج بدھ کے روز ترکیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ اپنے ترک ہم منصب حاکان فیدان سے انقرہ میں اہم ملاقات کریں گے۔ترک سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حاکان فیدان مئی 2025 میں ہونے والے ترکیہ۔موریطانیہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے فیصلوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیں گے۔ملاقات میں دفاعی صنعت، ماہی گیری، زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے امکانات بھی زیر غور آئیں گے۔ اس کے علاوہ ساحل خطے میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور معاشی و سماجی ترقی کیلئے ترکیہ کی حمایت پر بھی گفتگو متوقع ہے۔دونوں وزرائے خارجہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔یاد رہے کہ محمد سالم ولد مرزوق رواں سال اپریل میں بھی ترکیہ کا دورہ کر چکے ہیں، جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے 2018 میں موریطانیہ کا تاریخی دورہ کیا تھا۔