انقرہ( مانیٹرنگ ڈیسک) ترک دفاعی کمپنی بائیکار کے چیئرمین سلجوق بایراکتار نے کہا ہے کہ ڈرونز کی بڑے پیمانے پر تیاری کسی بھی ملک کے لیے انتہائی مؤثر دفاعی رکاوٹ ثابت ہو سکتی ہے اور اگر ان کی تعداد کافی ہو تو کوئی ملک حملہ کرنے کی جرات نہیں کرتا۔انہوں نے یہ بات ملکہ میتھلڈ اور ان کے وفد کو استنبول میں واقع اوزدمیر بایراکتار نیشنل ٹیکنالوجی مرکز کے دورے کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کمپنی کی بغیر پائلٹ طیاروں اور خودکش فضائی نظاموں سے متعلق تفصیلی آگاہی بھی فراہم کی۔سلجوق بایراکتار کا کہنا تھا کہ امید ہے ان ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی نوبت نہ آئے کیونکہ ڈرونز دراصل ایک مضبوط دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہیں اور بڑی حد تک حملوں کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔بیلجیم کی ملکہ میتھلڈ 10 مئی کو تین روزہ دورے پر ترکی پہنچی تھیں، جو بیلجیم کے اقتصادی مشن کا حصہ تھا۔ اس دوران انہوں نے رجب طیب اردوان، خاتون اول امینہ اردوان اور وزیر تجارت عمر بولات سے ملاقاتیں کیں، جبکہ دفاع اور معیشت سمیت دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔