مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں،ایردوان
استنبول( تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور دفاعی تعاون بڑھانے کی اہم کوشش ہے۔اپنے بیان میں رجب طیب ایردوان نے کہا کہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مکہ مکرمہ پہنچے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔ترک صدر کے مطابق ملاقات کے دوران تینوں ممالک نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جس کا مقصد اجتماعی دفاعی صلاحیت میں اضافہ، دفاعی صنعت کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ایردوان نے کہا کہ معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 میں تسلیم شدہ حقِ دفاع کی بھی توثیق کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ کسی ریاست کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے خواہش مند تمام برادر ممالک کے لیے تعاون کا راستہ کھلا رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ تنازعات اور بحرانوں کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی اپنے اصولی مؤقف کو جاری رکھے گا۔ترک صدر نے دعا کی کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پورے خطے کے لیے امن، استحکام، خیر اور برکت کا ذریعہ بنے۔