مکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی کیلئے تاریخی قدم ہے:جودت یلماز
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے کے سکیورٹی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب تاریخی قدم قرار دیا ہے۔ترکیہ کے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں جودت یلماز نے بتایا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مکہ مکرمہ میں معاہدے پر دستخط کیے۔ترک نائب صدر کے مطابق معاہدہ اجتماعی سلامتی، دفاعی صلاحیت، دفاعی صنعت میں تعاون اور علاقائی استحکام کو مزید تقویت دے گا، جبکہ ترکیہ کی امن پر مبنی خارجہ پالیسی اور کثیرالجہتی اسٹریٹجک شراکت داریوں کو بھی آگے بڑھانے میں مددگار ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔جودت یلماز نے امید ظاہر کی کہ دفاعی شعبے میں قائم ہونے والا اسٹریٹجک تعاون مستقبل میں اقتصادی شعبوں تک بھی وسعت اختیار کرے گا۔