مکہ دفاعی معاہدہ خطے کی سلامتی کیلئے تاریخی قدم ہے، ترک نائب صدر
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے کے سلامتی نظام کو مضبوط بنانے کی جانب تاریخی قدم قرار دیا ہے۔ترک نائب صدر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ میں معاہدے پر دستخط کیے۔جودت یلماز کے مطابق معاہدہ اجتماعی سلامتی، دفاعی صلاحیت، دفاعی صنعت اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گا اور ترکیہ کی امن پر مبنی خارجہ پالیسی اور کثیرالجہتی تزویراتی شراکت داری کو مزید آگے بڑھائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے شعبے میں قائم ہونے والا تزویراتی تعاون معاشی میدان میں بھی وسعت اختیار کرے گا، بالخصوص رابطہ کاری، تجارت، مالیات اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون تیز ہونے کی توقع ہے۔ترک نائب صدر نے کہا کہ عالمی اداروں اور بین الاقوامی قوانین کی کمزور ہوتی حیثیت کے باعث علاقائی شراکت داری کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ ان کے بقول اس طرح کا تعاون مستقبل میں زیادہ منصفانہ عالمی نظام کی بنیاد رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ تاریخ، اخوت اور یکجہتی کی بنیاد پر قائم ہونے والا یہ معاہدہ خطے، اسلامی دنیا اور عالمی امن کے لیے مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔