ترکی میں اوسط عمر بڑھ کر 78.5 سال ہوگئی
انقرہ ( تر کیہ خبر) ترکی کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2023 سے 2025 کے دوران ملک میں پیدائش کے وقت اوسط عمر بڑھ کر 78.5 سال ہو گئی ہے، جو ایک سال قبل 78.1 سال تھی۔ترک ادارہ شماریات (ترک اسٹیٹ) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین لائف ٹیبلز کے مطابق مردوں کی پیدائش کے وقت اوسط عمر 75.9 سال جبکہ خواتین کی 81.1 سال ریکارڈ کی گئی، یعنی خواتین کی متوقع عمر مردوں کے مقابلے میں اوسطاً 5.2 سال زیادہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تعلیم کی سطح میں اضافے کے ساتھ متوقع عمر بھی بڑھ جاتی ہے۔ زیادہ تعلیم یافتہ افراد کی عمر کم تعلیمی قابلیت رکھنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 30 سالہ افراد میں کم از کم اعلیٰ ثانوی تعلیم رکھنے والوں اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کے درمیان باقی ماندہ عمر کا فرق مردوں میں 5.1 سال جبکہ خواتین میں 4.6 سال رہا۔ترکی میں 15 سالہ فرد کے مزید 64.7 سال زندہ رہنے کی توقع ہے، جس میں مردوں کے لیے 62.1 سال اور خواتین کے لیے 67.3 سال شامل ہیں۔اسی طرح 30 سال کی عمر رکھنے والے افراد کے لیے اوسط باقی ماندہ عمر 50.3 سال بتائی گئی ہے، جس میں مردوں کے لیے 47.8 سال اور خواتین کے لیے 52.7 سال شامل ہیں۔