لبنان کو معاشی بحالی میں ترکی کے تعاون کی امید، صدر عون

لبنان کو معاشی بحالی میں ترکی کے تعاون کی امید، صدر عون

بیروت، استنبول( تر کیہ خبر) لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ لبنان کو معاشی بحالی، امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے پر عملدرآمد اور جنوبی لبنان میں استحکام کے لیے ترکی کے تعاون کی توقع ہے۔انادولو ایجنسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے جوزف عون نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا ترکی کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکی موجودہ علاقائی صورتحال میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے ساتھ رابطہ کاری وقتی ضرورت نہیں بلکہ ایک تزویراتی ضرورت ہے۔لبنانی صدر نے کہا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 26 جون کو امریکا کی حمایت سے طے پانے والا فریم ورک معاہدہ زیر عمل ہے، جس کے تحت اسرائیلی انخلا، لبنانی فوج کی تعیناتی اور مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔جوزف عون نے کہا کہ ترکی کی نیٹو رکنیت اور وسیع علاقائی روابط اسے اس معاہدے کے فروغ اور متعلقہ فریقین کو اس پر مکمل عملدرآمد کی ترغیب دینے میں معاون کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اور روم میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں سامنے آنے والے فریم ورک کو عملی شکل دینے کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر مسلسل تعاون اور نگرانی ضروری ہے، جس میں ترکی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔لبنانی صدر نے واضح کیا کہ بیروت اس فریم ورک معاہدے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلحہ صرف لبنانی ریاست کے اختیار میں رکھنے کا فیصلہ ایک مکمل خودمختار لبنانی معاملہ ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.