ترکیہ خبر

لٹویا کے صدر ایڈگرز رِنکیوِچز کا باکو کے “وائٹ سٹی” منصوبے پر اظہارِ حیرت

لٹویا کے صدر ایڈگرز رِنکیوِچز کا باکو کے “وائٹ سٹی” منصوبے پر اظہارِ حیرت

باکو( ترکیہ خبر) لٹویا کے صدر ایڈگرز رِنکیوِچز نے باکو میں منعقدہ آذربائیجان-لٹویا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے “وائٹ سٹی” کے دورے کو انتہائی متاثر کن قرار دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ اس منصوبے کو دیکھ کر حقیقی طور پر متاثر ہوئے ہیں، جہاں آلودہ علاقوں کو جدید شہری منصوبہ بندی کے تحت ایک خوبصورت اور جدید شہر میں تبدیل کیا گیا ہے۔لٹویا کے صدر نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ صرف پندرہ سال سے کم عرصے میں اس منصوبے کا آغاز کیا گیا اور اس دوران نہ صرف ماحول دوست اقدامات کیے گئے بلکہ ایک جدید اور ترقی یافتہ شہری ڈھانچہ بھی تشکیل دیا گیا۔انہوں نے اس پیش رفت کو آذربائیجان کی صلاحیت اور ترقیاتی وژن کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اکیسویں صدی کے جدید شہری ترقیاتی ماڈل کی بہترین مثال ہے۔